امرکہ ایران مفاہمتی یادداشت میں آبنائے ہرمز تنازع حل کرنے کے لیے 60 روز کی مہلت

ایران 60 روز تک جہاز رانی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتا، سابق امریکی سفارتکار

June 29, 2026 · بام دنیا

سابق امریکی سفیر برائے عمان رچرڈ شمائرر نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) میں آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے 60 روز کی مہلت دی گئی ہے، جس کے دوران دونوں ممالک اختلافی معاملات پر مذاکرات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کی قانونی حیثیت کو واضح کرنا ہے۔ ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت ایران یا کسی بھی دوسرے فریق کو اس اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیتی۔

رچرڈ شمائرر نے کہا کہ 60 روزہ مدت کے دوران بحری جہازوں کی نقل و حرکت بلا رکاوٹ جاری رہنی چاہیے، جبکہ اس عرصے میں ایران کی جانب سے جہاز رانی پر فیس عائد کرنے یا دیگر پابندیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مدت کے بعد ایران، عمان اور خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے مستقبل کے انتظامات پر مذاکرات کرنا ہوں گے۔ ان کے بقول امریکا اور عالمی برادری کا مؤقف یہی ہوگا کہ نہ تو جہاز رانی پر پابندیاں ہونی چاہئیں، نہ اضافی انشورنس کی شرائط اور نہ ہی کوئی فیس عائد کی جائے، البتہ خطے میں بحری سلامتی کے لیے متفقہ انتظامات ضروری ہوں گے۔