روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں جو مختلف آراء سننے کے باوجود اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، اس لیے انہیں کسی کے مؤقف سے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے بیان میں ولادیمیر پوتن نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ یورپی رہنما یوکرین کے معاملے پر صدر ٹرمپ کا مؤقف تبدیل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے بقول ہر رہنما اتحادیوں اور مخالفین کی بات ضرور سنتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ اپنی صوابدید کے مطابق کرتا ہے۔
روسی صدر نے بتایا کہ الاسکا میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہیں پایا تھا، تاہم دونوں رہنماؤں نے ممکنہ سمجھوتوں اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
پوتن کے مطابق روس نے امریکہ کی جانب سے پیش کی گئی بعض تجاویز پر آمادگی ظاہر کی ہے اور ماسکو واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الاسکا میں زیر بحث آنے والے تمام نکات پر مزید تفصیلی بات چیت کے لیے روس مکمل طور پر تیار ہے۔