بحرین کو اشتعال انگیزی پر بھرپور جواب دینے کا ایرانی انتباہ

امریکی اڈوں کے استعمال کا الزام، ایران اور بحرین میں لفظی کشیدگی بڑھ گئی

June 29, 2026 · بام دنیا

ایران نے بحرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، جبکہ بحرین نے ایرانی حملوں اور الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ بحرینی حکام اپنی حدود میں رہیں، اپنی تقدیر سے نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔

رپورٹس کے مطابق ایران کا دعویٰ ہے کہ جمعہ اور ہفتے کو امریکی حملوں کے بعد اس نے بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا۔ تہران کا مؤقف ہے کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب بحرین سمیت خلیجی ممالک نے ایران کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔ بحرینی حکومت نے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔