ایران کے منجمد اثاثوں سے متعلق بڑی پیش رفت، 6 ارب ڈالر کی ممکنہ واپسی
امریکا کے ساتھ ہونے والے عبوری معاہدے کے بعد بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے،
تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں منجمد اس کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے ابتدائی طور پر 6 ارب ڈالر جلد جاری کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے عبوری معاہدے کے بعد بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے،
جس کے باعث منجمد رقوم کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قطر میں موجود ایران کے مجموعی 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں میں سے پہلے مرحلے میں 6 ارب ڈالر ایران کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ عبوری معاہدے کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنا اور مستقل حل کی طرف پیش رفت کرنا ہے۔
معاملے پر تاحال امریکا کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔