خانہ کعبہ کو آبِ زمزم اور عرقِ گلاب سے غسل دے دیا گیا
اس مقدس عمل میں ہزاروں لیٹر معطر محلول استعمال کیا گیا۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اندر خانہ کعبہ کی سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب مذہبی عقیدت اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خانہ کعبہ کو آبِ زمزم، عرقِ گلاب اور خوشبودار عطر سے غسل دیا گیا، جبکہ اس مقدس عمل میں ہزاروں لیٹر معطر محلول استعمال کیا گیا۔
خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے تقریب میں نمائندگی کی۔ نمازِ فجر کے بعد وہ خانہ کعبہ کے اندر داخل ہوئے اور غسلِ کعبہ کی روایتی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس بابرکت موقع پر مختلف اسلامی ممالک کے سفارت کار، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندے، جید علما، مشائخ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے اس روحانی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران مسجد الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ زائرین کی آمدورفت کو منظم رکھنے کے لیے طواف محدود پیمانے پر جاری رکھا گیا تاکہ غسلِ کعبہ کی کارروائی خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔
حکام کے مطابق کسوۂ کعبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے غسل کے دوران دروازے پر نصب پردے کو عارضی طور پر اوپر کر دیا گیا، جس سے تقریب کے مراحل آسانی سے انجام دیے گئے۔
غسلِ کعبہ اسلامی دنیا کی قدیم اور باوقار مذہبی روایات میں شمار ہوتا ہے۔ ہر سال منعقد ہونے والی اس تقریب کو دنیا بھر کے مسلمان انتہائی عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کے ساتھ دیکھتے ہیں۔