بھارت: ہلدیہ آئل ریفائنری میں آتشزدگی،15 کارکن زخمی
واقعہ ممکنہ طور پر پائپ لائن سے تیل نکالنے کی کوشش کے دوران پیش آیا، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر ہلدیہ میں واقع ایک پیٹروکیمیکل ریفائنری میں اچانک آگ لگنے کے باعث کم از کم 15 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح ریفائنری کے ایک حصے میں موجود پائپ لائن سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے مختصر وقت میں شدت اختیار کر لی۔ اس دوران ڈیوٹی پر موجود متعدد کارکن آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جبکہ زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق بعض متاثرین کی حالت نازک ہے۔
ریفائنری انتظامیہ نے ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ ممکنہ طور پر پائپ لائن سے تیل نکالنے کی کوشش کے دوران پیش آیا، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام نے حفاظتی نقطۂ نظر سے متاثرہ حصے کو بند کر دیا ہے، جبکہ تکنیکی ماہرین واقعے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
ہلدیہ کی یہ ریفائنری مشرقی بھارت کے اہم صنعتی مراکز میں شمار ہوتی ہے، جہاں مختلف پیٹروکیمیکل مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔