مظفرآباد: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم رہنما شوکت نواز میر گرفتار، پولیس کی تصدیق

یہ گرفتاری دھیرکوٹ کے نواحی علاقے ہل سرنگ میں عمل میں آئی ، ذرائع

June 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد : پولیس نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم ترین رکن شوکت نواز میر کی گرفتاری کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ انہیں دھیرکوٹ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری دھیرکوٹ کے نواحی علاقے ہل سرنگ میں عمل میں آئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شوکت نواز میر وہاں احسن آصف نامی شہری کے گھر آئے ہوئے تھے، جہاں خفیہ اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایس ایس پی مظفرآباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت نواز میر کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس ہائی پروفائل گرفتاری کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضع رہے حکومت آزاد کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر سمیت 4 انتہائی مطلوب افراد کی گرفتاری پر نقد انعام کا اعلان کیا تھا ۔
شوکت نواز میر پر 50 لاکھ روپے انعام ،دیگر مطلوب رہنما عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد، اور سردار امان خان ہر ایک کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔