سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی خطرات، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

عوام موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں ،این ڈی ایم اے

June 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں قومی مون سون کوآرڈینیشن کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ خطرات، تیاریوں اور قومی سطح پر مربوط حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، فلاحی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کانفرنس میں گلیشیئر پگھلنے، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیائی جھیل پھٹنے گلف اور دیگر ممکنہ قدرتی خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ این ڈی ایم اے نے شرکاء کو جدید پیشگی انتباہی نظام، خطرات سے قبل از وقت آگاہی، فلڈ مانیٹرنگ، ہمہ وقت نگرانی، معلومات پر مبنی فیصلہ سازی اور ایمرجنسی رسپانس پلاننگ سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع، شہری علاقوں اور حساس مقامات پر تیاریوں، انخلا کے منصوبوں، عوامی آگاہی مہموں اور ہنگامی وسائل کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بروقت پیشگی انتباہات، مؤثر رابطہ کاری اور فعال منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے درمیان فوری معلومات کے تبادلے اور وسائل کی بروقت فراہمی کو ناگزیر قرار دیا۔

اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں نے مون سون سیزن کے دوران مؤثر رابطہ کاری، مشترکہ اقدامات اور بروقت ریسپانس کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔