وزیر داخلہ محسن نقوی سعودی عرب پہنچ گئے، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں
سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
ریاض: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے۔ریاض میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی کی اپنے سعودی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔