دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا باقاعدہ آغازہوگیا،عرب میڈیا
دونوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی قیادت یا وزرائے خارجہ کے درمیان کسی براہِ راست ملاقات کا پروگرام نہیں رکھا گیا۔
دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے ماہرین مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مذاکرات کا مقصد حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آگے بڑھانا اور باہمی دلچسپی کے تکنیکی معاملات پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔ اس مرحلے پر دونوں ممالک کی اعلیٰ سیاسی قیادت یا وزرائے خارجہ کے درمیان کسی براہِ راست ملاقات کا پروگرام نہیں رکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے لیے تین الگ الگ ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ ایک گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تکنیکی معاملات کا جائزہ لے رہا ہے، دوسرا سفارتی روابط اور آئندہ مذاکراتی فریم ورک پر غور کر رہا ہے، جبکہ تیسرا ایران کے بیرونِ ملک منجمد مالی اثاثوں، فنڈز کی واپسی اور ممکنہ مالیاتی انتظامات سے متعلق امور پر بات چیت کر رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ مذاکرات اعتماد سازی کی کوششوں کا حصہ ہیں اور اگر ان میں مثبت پیش رفت ہوئی تو مستقبل میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق دوحہ میں جاری یہ بات چیت ایران اور امریکا کے تعلقات کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی سکیورٹی، علاقائی استحکام اور عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی اہم اثرات مرتب کر سکتی ہے۔