ایران نے اسرائیلی دھمکی کے خلاف اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا
اسرائیلی قیادت کی جانب سے ایرانی رہنماؤں کو نشانہ بنانے سے متعلق بیانات انتہائی تشویشناک ہیں
نیویارک: ایران نے اسرائیل کی جانب سے اپنے اعلیٰ رہنما کے خلاف مبینہ دھمکیوں پر اقوام متحدہ سے باضابطہ احتجاج کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیلی قیادت کی جانب سے ایرانی رہنماؤں کو نشانہ بنانے سے متعلق بیانات انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف اقوام متحدہ کے منشور بلکہ بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اس معاملے کا نوٹس لے اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے، جبکہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مناسب جواب دینے کا اختیار بھی رکھتا ہے۔
ایران نے سلامتی کونسل پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور بین الاقوامی امن کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرے۔