انڈونیشیا: علیحدگی پسندوں نے طیارے کو آگ لگا دی، امریکی پائلٹ قتل

طیارہ وامینا سے یاہوکیمو جا رہا تھا اور لینڈنگ کے فوراً بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا ، وزارتِ ٹرانسپورٹ

July 2, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

جکارتا : انڈونیشیا کے شورش زدہ مشرقی خطے پاپوا میں علیحدگی پسند باغیوں نے ایک طیارے کو آگ لگا دی اور دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس کے امریکی پائلٹ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ مقامی عسکریت پسند گروپ کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی امریکی اور انڈونیشیائی حکومتوں کے لیے ایک “پیغام” ہے۔

مغربی پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے ترجمان سیبی سامبوم  نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے امریکی پائلٹ کی شناخت نکولس ایف گوسیلن کے نام سے ہوئی ہے۔ طیارے نے پاپوا صوبے کے ضلع ہائی یاہوکیمو میں لینڈنگ کی تھی۔

طیارے پر حملہ کرنے والے باغیوں نے الزام عائد کیا کہ یہ طیارہ بار بار انڈونیشی فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور ان کی جانب سے جاری انتباہ کو نظر انداز کیا۔

حملے کے بعد باغیوں کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مسلح افراد کو بندوقوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ “مارننگ اسٹار” پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا جو پاپوا کی آزادی کی تحریک کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

باغیوں نے خبردار کیا کہ اگر انڈونیشیا نے ان کے زیرِ اثر علاقوں میں شہری طیاروں کی پروازیں جاری رکھیں تو ایسے حملے مزید کیے جائیں گے۔تاحال امریکی سفارت خانے نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ان کے بقول یہ طیارہ مقامی فضائی کمپنی کی ملکیت تھا جو پاپوا کے دور دراز علاقوں میں خوراک، ایندھن، ڈاک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی خدمات انجام دیتی ہے۔

دوسری جانب انڈونیشیا کی مشترکہ پولیس اور فوجی آپریشنز کے ترجمان یوسف سوتیجو نے تصدیق کی ہے کہ یاہوکیمو کے ایک ہوائی اڈے پر ایک جلا ہوا طیارہ ملا ہے جسے ایک امریکی پائلٹ اڑا رہا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ تاحال اس بات کی سرکاری تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ طیارے پر حملہ علیحدگی پسندوں نے کیا تھا اور آیا پائلٹ ہلاک ہوچکا ہے۔

ادھر حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں امریکی پائلٹ سمیت 8 افراد سوار تھے جن میں باقی 7 مسافر مقامی پاپوان باشندے تھے۔ مسافروں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔