ایران ہماری تقریباً تمام شرائط ماننے پر تیار ہوگیا۔ٹرمپ کا دعویٰ
پاکستان، بھارت جنگ روک کر کروڑوں جانیں بچائیں، ٹرمپ کا ایک بار پھر دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی مطالبات میں سے تقریباً تمام اہم شرائط تسلیم کرنے پر آمادہ ہوگیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور وہاں مہنگائی تقریباً 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ایران کا نیا ریڈار سسٹم بھی تباہ کر دیا گیا، جس کے بعد اب ایران کے پاس مؤثر ریڈار نظام موجود نہیں۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ ٹلی، جس سے کروڑوں جانیں بچ گئیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس تنازع کے دوران 11 طیارے تباہ ہوئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت ایلون مسک کا بھی ذکر کیا اور انہیں ٹریلینئر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مسک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے اپنی صدارتی تنخواہ نہیں لی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے نزدیک یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دے، جبکہ ان کا دعویٰ تھا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔