آبنائے ہرمز میں فرانس نے بارودی سرنگوں کی صفائی شروع کر دی
مائن ہنٹرز تعینات، بحری آمدورفت اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا اعلان
فرانس نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے بارودی سرنگیں تلاش اور ناکارہ بنانے والے خصوصی بحری جہاز (مائن ہنٹرز) تعینات کر دیے ہیں۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ فرانسیسی مائن ہنٹرز اتحادی شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی مکمل بحالی اور جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمانی حکام سے مشاورت کے بعد طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈیگال کو بندرگاہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم بارودی سرنگوں سے نمٹنے والے فرانسیسی بحری وسائل اور ان کا حفاظتی دستہ خطے میں بدستور تعینات رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی کارروائی کے لیے تیار ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ ماہ کے آخر میں آبنائے ہرمز میں فرانسیسی کردار کی مخالفت کی تھی، جب صدر میکرون نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔