امریکہ کا 250واں یومِ آزادی پر تقریبات۔ آتش بازی کا شاندار اہتمام
صدر ٹرمپ نے عوام کو مبارکباد دی، وزیراعظم شہباز شریف نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
امریکہ میں ملک کا 250واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام کو مبارکباد دی جبکہ مختلف شہروں میں رنگا رنگ تقریبات اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے یومِ آزادی کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک یادگاری ڈیزائن اور امریکہ کے چار سابق صدور کے ساتھ اپنی علامتی تصویر بھی شیئر کی۔ نیویارک سمیت کئی بڑے شہروں میں شاندار آتش بازی نے جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔
علاوہ ازیں امریکہ کے یومِ آزادی پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی مبارکباد کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکی عوام کی اس تاریخی خوشی میں شریک ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور عالمی امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ 4 جولائی 1776ء کو امریکہ نے برطانیہ سے آزادی کا اعلان کیا تھا، جس کی یاد میں ہر سال 4 جولائی کو ملک بھر میں قومی تعطیل اور سرکاری سطح پر جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کی سول و عسکری قیادت سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے بھی امریکی عوام اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔