اسرائیلی قبضے کے باعث لبنانی خاندانوں کی اپنے گاؤں واپسی کی امیدبرقرار
مجدل زون کے 74 خاندان کئی ماہ سے عارضی پناہ گاہ میں مقیم، اسرائیلی فوج کی موجودگی واپسی میں رکاوٹ
جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث بے گھر ہونے والے لاکھوں لبنانی شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اسرائیلی قبضے میں موجود دیہات کے مکین اب بھی واپس نہیں جا سکے۔
مجدل زون گاؤں کے 74 خاندانوں پر مشتمل تقریباً 260 افراد کئی ماہ سے صور (ٹائر) شہر کے ایک خالی اسکول میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یہ خاندان ساحل سے اپنے گاؤں کو دیکھتے ہیں، مگر اسرائیلی فوج کی موجودگی کے باعث واپسی سے محروم ہیں۔
اب اسکول انتظامیہ کی جانب سے عمارت واپس لینے کے فیصلے کے بعد ان خاندانوں کو ایک بار پھر مختلف مقامات پر منتقل ہونا پڑ رہا ہے، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
گاؤں کے میئر کا کہنا ہے کہ بکھرنے کے باوجود سوشل میڈیا خاندانوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم یہ اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں کہ وہ اپنے گھروں کو کب، یا آیا کبھی، واپس جا سکیں گے۔