ایرانی سفیر کا علی خامنہ ای کے جنازے میں پاکستان کی شرکت پر اظہارِ تشکر
اعلیٰ پاکستانی قیادت کی موجودگی دونوں ممالک کی تاریخی دوستی اور برادرانہ تعلقات کی علامت قرار
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں پاکستان کی اعلیٰ سطحی شرکت پر حکومت اور عوامِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم سمیت پاکستان کی قیادت کے اس اظہارِ یکجہتی پر دلی تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، دیگر اعلیٰ حکام، مذہبی رہنماؤں، سیاسی شخصیات اور ثقافتی نمائندوں کی تقریب میں شرکت کو بھی سراہا۔
رضا امیری مقدم کے مطابق پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین سطح پر نمائندگی دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان نے ہمیشہ مشکل اور خوشی کے ہر موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون اور یکجہتی برقرار رہے گی۔
ایرانی سفیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے اور دونوں ممالک کو امن، ترقی، خوشحالی اور وقار سے نوازے۔