امریکہ نے بحیرۂ عرب میں لاپتہ نیوی اہلکار کی تلاش بند کردی
امریکی بحریہ کا یہ اہلکار یکم جولائی کو لا پتہ ہوا تھا
امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گذشتہ ہفتے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد لا پتہ ہونے والے امریکی بحریہ کے اہلکار کی تلاش کے لیے شروع کی گئی کارروائی بند کر دی ہے۔
امریکی بحری افواج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے اتوار، پانچ جولائی، کو ایک بیان میں کہا کہ ’امریکی بحریہ اور فضائیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر کی گئی تلاش کے بعد اب یہ کارروائی ختم کر دی گئی ہے۔‘
امریکی بحریہ کا یہ اہلکار یکم جولائی کو اس وقت لا پتہ ہوا جب ایم ایچ 60 ایس سی ہاک ہیلی کاپٹر کو بحیرۂ عرب میں ’ہنگامی لینڈنگ‘ کرنا پڑی۔
اُس وقت ہیلی کاپٹر کے چار رکنی عملے میں شامل دیگر تین افراد کو بچا لیا گیا تھا اور انھیں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش پر منتقل کر دیا گیا تھا، جس سے یہ ہیلی کاپٹر وابستہ تھا۔
امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ لا پتہ اہلکار کا نام اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک اس کے قریبی رشتہ داروں کو مطلع نہ کر دیا جائے اور خاندان کو اطلاع دیے جانے کے بعد کم از کم 24 گھنٹے نہ گزر جائیں۔