سری لنکا کی جیل میں دو گروپوں میں خونریز تصادم، 19 افراد ہلاک
ہلاک ہونے والوں میں 15 قیدی اور 4 جیل اہلکار شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے 100 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
کولمبو: سری لنکا کے شہر نیگومبو کی ایک جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم میں 19 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق جیل میں کشیدگی کا آغاز اتوار کے روز ہوا، جب دو گروہوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ حکام نے ابتدائی طور پر صورتحال پر قابو پا لیا، تاہم پیر کے روز ایک بار پھر دونوں گروپ آمنے سامنے آ گئے، جس کے بعد ہنگامہ آرائی نے شدت اختیار کر لی۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 15 قیدی اور 4 جیل اہلکار شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے 100 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
شدید زخمی قیدیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دارالحکومت کولمبو کے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
سری لنکن حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ تصادم کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیل کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔