پہلگام حملہ کیس،انڈیا نے حافظ سعید پر ضمنی چارج شیٹ فائل کر دی
حافظ سعید پر انفرادی حیثیت کے علاوہ کالعدم لشکرِ طیبہ اور اس سے منسلک مبینہ تنظیم "دی ریزسٹنس فرنٹ" کی قیادت کے تناظر میں بھی الزامات شامل کیے گئے ہیں۔
بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پہلگام حملہ کیس میں پاکستان میں موجود کالعدم لشکرِ طیبہ کے بانی حافظ سعید کے خلاف خصوصی عدالت میں ضمنی چارج شیٹ جمع کرا دی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق یہ ضمنی چارج شیٹ جموں میں قائم این آئی اے کی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی،
جس میں حافظ سعید پر انفرادی حیثیت کے علاوہ کالعدم لشکرِ طیبہ اور اس سے منسلک مبینہ تنظیم “دی ریزسٹنس فرنٹ” کی قیادت کے تناظر میں بھی الزامات شامل کیے گئے ہیں۔
این آئی اے کا مؤقف ہے کہ ضمنی چارج شیٹ میں بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے اور سرحد پار مبینہ سازش سے متعلق مختلف تعزیری دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق یہ دستاویز پہلے سے جمع کرائی گئی 1597 صفحات پر مشتمل مرکزی چارج شیٹ کا تسلسل ہے، جس میں ایجنسی کے بقول مبینہ شواہد، تفتیشی مواد اور تحقیقات کے دوران حاصل کی گئی معلومات کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ الزامات بھارتی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جن پر متعلقہ فریق کا مؤقف اس خبر میں شامل نہیں۔