ایمنسٹی انٹرنیشنل کی زیر حراست غزہ کے ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی شدید مذمت

ڈاکٹر ابو صفیہ کی جان کو سنگین خطرات لاحق، عالمی برادری خاموش نہ رہے۔ ایمنسٹی

July 7, 2026 · بام دنیا

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کی حراست میں موجود غزہ کے فلسطینی ڈاکٹر ابو صفیہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سینئر ڈائریکٹر برائے تحقیق، وکالت، پالیسی اور مہمات ایریکا گویرا روزاس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر ابو صفیہ کی حراست سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات انتہائی خوفناک ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹر کے وکیل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مبینہ طور پر تشدد، شدید جسمانی و ذہنی بدسلوکی اور طویل عرصے تک تنہائی میں رکھا گیا، جس کے باعث ان کی جان کو فوری اور سنگین خطرات لاحق ہیں۔

ایریکا گویرا روزاس نے کہا کہ وہ ڈاکٹر، جس نے اسرائیلی حملوں کے دوران اپنے مریضوں کو چھوڑنے سے انکار کیا، اسے ابتدا ہی میں قید نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خاموشی اختیار نہ کرے اور ڈاکٹر ابو صفیہ کی فوری رہائی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔