مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیاں۔ 2 فلسطینی گرفتار

سلفیت، نابلس اور بیت اللحم کے مختلف علاقوں میں چھاپے، متعدد گھروں کی تلاشی

July 7, 2026 · بام دنیا

جنوبی مغربی کنارے کے شہر ہیبرون کے پرانے شہر میں 14 فروری 2026 کو چھاپے کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے سیکیورٹی اقدامات کیے۔

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ متعدد گھروں پر چھاپے مار کر تلاشی بھی لی۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے سلفیت شہر میں کارروائی کے دوران سلفیت گورنریٹ کی مزدور یونین کے سربراہ محمود البر اور مقامی رہائشی اسلام حسن وائل یاسین کو ان کے گھروں پر چھاپے مارنے اور تلاشی لینے کے بعد گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے علی الصبح نابلس شہر میں بھی داخل ہو کر مختلف علاقوں میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے بیت لحم کے مغرب میں واقع قصبے دوحہ میں بھی کارروائی کرتے ہوئے کئی فلسطینی گھروں کی تلاشی لی۔ تاہم فوری طور پر ان کارروائیوں کے دوران مزید گرفتاریوں یا جھڑپوں کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔