چین میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی،ڈیم ٹوٹنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ

طوفان میساک کے اثرات سے گوانگشی کے دریاؤں، ڈیموں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بلند ہو گئی

July 7, 2026 · بام دنیا

 بیجنگ: چین کے جنوبی علاقے گوانگشی میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث ایک ڈیم کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے بعد سیلابی پانی قریبی آبادیوں کی جانب بڑھنے لگا۔ صورتحال کے پیش نظر مقامی حکام نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کر دیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق طوفان میساک کے اثرات سے گوانگشی کے دریاؤں، ڈیموں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بلند ہو گئی، جس کے باعث ڈیم کا ایک حصہ شدید دباؤ برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم سے خارج ہونے والا پانی تیزی سے نشیبی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے متعدد رہائشی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ریسکیو اداروں، فوج اور مقامی انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں اور شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ کئی سڑکیں احتیاطی طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں عارضی امدادی مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مسلسل بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آبی ذخائر اور دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔