غزہ : اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں سمیت 3 فلسطینی شہید

ساحلی علاقے کے قریب بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، ایک شخص جاں بحق، 5 دیگر افراد زخمی

July 7, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

غزہ: پٹی میں منگل کے روز اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی تازہ ترین فوجی کارروائیوں اور فضائی حملوں کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ غزا میں موجود طبی حکام اور امدادی اہلکاروں نے شہادتوں کی تصدیق کی ہے۔

میڈیکل حکام کے مطابق، جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مغرب میں واقع ‘المواصی’ میں ایک بے گھر افراد کے کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید ہو گیا، جبکہ اس کارروائی میں 2 بچے بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ المواصی کے ہی ایک دوسرے مقام پر ہونے والے حملے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کی شہادت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

دوسری جانب غزہ سٹی کے ساحلی علاقے کے قریب بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنا کر کیے گئے ایک الگ حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان علاقوں میں مسلسل ڈرون حملے اور شیلنگ کی جا رہی ہے جس سے پناہ گزینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

واضح رہے کہ سیز فائر (جنگ بندی) کے معاہدے کے باوجود غزہ کے مختلف حصوں میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے فضائی اور زمینی کارروائیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس میں اب تک سینکڑوں سویلین نشانہ بن چکے ہیں۔