آبنائے ہرمز میں 3 تجارتی بحری جہازوں پر حملہ، گیس ٹینکر میں آگ لگ گئی
خطے میں شدید بحری اور سفارتی کشیدگی بڑھ گئی۔
فوٹو سوشل میڈیا
دبئی : انتہائی اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 تجارتی آئل اور گیس ٹینکرز کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد خطے میں شدید بحری اور سفارتی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
برطانوی بحریہ کے زیرِ نگرانی کام کرنے والے ادارے ‘یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز’ یو کے ایم ٹی او نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں بحری جہازوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق تازہ ترین حملے کا نشانہ بننے والا مائع قدرتی گیس لے جانے والا ایک ٹینکر تھا، جو عمان کے ساحل کے قریب سے گزر رہا تھا کہ ایک نامعلوم گولے کا نشانہ بننے کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ ایل این جی ٹینکر نے ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری کردہ انتباہ (وارننگ) کو نظر انداز کیا، جس کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔ قطری حکام نے بعد ازاں تصدیق کی کہ نشانہ بننے والا جہاز ان کا ایل این جی بردار جہاز ‘الرقیات’ تھا۔
اس واقعے سے کچھ دیر قبل دو دیگر ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ یو کے ایم ٹی او کے مطابق ایک ٹینکر کو فضا سے آنے والے ایک نامعلوم ڈرون نے نشانہ بنایا۔دوسرے جہاز پر نامعلوم مقام سے میزائل داغا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان دونوں بحری جہازوں کو ساختی نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش قسمتی سے عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا اور کم از کم ایک جہاز اپنی منزل کی طرف روانہ ہونے میں کامیاب رہا۔ ذرائع کے مطابق ان جہازوں میں ایک سعودی عرب کا خام تیل لے جانے والا ٹینکر ‘ودیان’ بھی شامل ہے۔