امریکا نے ایران کے تیل کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دیں

تہران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے گا

July 8, 2026 · بام دنیا

امریکا نے ایران سے تیل کی فروخت سے متعلق پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ حملوں کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے تیل کی فروخت کے لیے دی گئی عارضی رعایت محدود کر دی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پہلے دی گئی رعایت کی مدت میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے مختصر کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ایران کی تیل برآمدات پر دوبارہ پابندیاں نافذ ہوں گی۔

دوسری جانب ایران نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے گا، جبکہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے محدود مدت کے لیے ایران کو خام تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمد کی اجازت دی تھی، تاہم تازہ فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔