صدر ٹرمپ نے بندر عباس پر مبینہ امریکی حملوں کی ویڈیو شیئر کر دی
کارروائی کے دوران ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں فوجی تنصیبات اور دفاعی مراکز شامل تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے شہر بندر عباس میں مبینہ امریکی فضائی حملوں کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کر دی، جس میں مختلف مقامات پر دھماکوں اور حملوں کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے ایران میں حالیہ فوجی کارروائیوں کی تصدیق کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) کے مطابق کارروائی کے دوران ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں فوجی تنصیبات اور دفاعی مراکز شامل تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ حملوں کے جواب میں کیے گئے، جبکہ ایران نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
Posted by President Trump on Truth Social pic.twitter.com/XVr2jsrxsN
— Just Trump on Truth (@JustTrumpTruth) July 8, 2026
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم سمیت جنوبی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بھی ان علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات دی گئی ہیں، تاہم نقصان کی مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب ایران نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی جہازوں پر حملوں سے متعلق عائد کیے گئے الزامات درست نہیں ہیں۔ دونوں فریقین کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔