تہران سے لاہور آنے والی خصوصی ایرانی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی
پرواز نے آج لاہور پہنچنا تھا، تاہم متعلقہ کلیئرنس نہ ملنے کے باعث طیارہ تہران سے روانہ نہیں ہو سکا۔
July 8, 2026 · بام دنیا
تہران سے لاہور آنے والی ایرانی ایئرلائن کی ایک خصوصی پرواز مقررہ وقت پر پاکستان روانہ نہ ہو سکی، کیونکہ اسے تاحال لینڈنگ کی ضروری اجازت موصول نہیں ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز نے آج لاہور پہنچنا تھا، تاہم متعلقہ کلیئرنس نہ ملنے کے باعث طیارہ تہران سے روانہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معمول کی کمرشل پرواز نہیں بلکہ خصوصی پرواز ہے، جس کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے پیشگی منظوری درکار ہوتی ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات اور درخواست موصول ہو چکی ہے، جبکہ حتمی اجازت وزارتِ خارجہ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔ اجازت ملنے پر پرواز کو لاہور کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ادارے معاملے پر رابطے میں ہیں اور ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد پرواز کے شیڈول سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔