شیر کے جبڑوں میں آدھا گھنٹہ رہنے والا شخص معجزانہ طور پر بچ گیا
زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی۔
بھارت کی ریاست گجرات میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان شیر کے حملے کا شکار ہونے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گجرات کے ضلع بھاؤنگر میں کلوبھائی پرمار نامی شخص اپنے مویشیوں کو چارہ ڈالنے کے لیے باڑے میں گیا تو وہاں پہلے سے موجود شیر نے اس پر اچانک حملہ کر دیا۔ شیر نے نوجوان کے بازو کو اپنے جبڑوں میں جکڑ لیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شیر نے کافی دیر تک زخمی شخص کو اپنے پنجوں میں دبائے رکھا، جبکہ اردگرد موجود افراد مسلسل شور مچا کر جانور کو بھگانے کی کوشش کرتے رہے۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد شیر کی گرفت ڈھیلی ہوئی تو نوجوان خود کو چھڑا کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔
زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی۔
Cattle Herder Injured in #Lioness Attack in #Gujarat, Viral Video Captures Dramatic Rescue
A cattle herder was injured after being attacked by a sub-adult Asiatic lioness in Gujarat's #Bhavnagar district on Monday morning, officials from the Forest Department said.
The incident… pic.twitter.com/zb58djPSDO
— BNN Channel (@Bavazir_network) July 7, 2026
کلوبھائی پرمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی گائے کو چارہ ڈالنے گیا تھا کہ شیر نے اچانک حملہ کر دیا، اسے زمین پر گرا کر بازو اپنے منہ میں دبا لیا اور کافی دیر تک اسی حالت میں رکھا۔ ان کے مطابق جیسے ہی شیر کی گرفت کمزور ہوئی، وہ خود کو چھڑا کر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، تاہم شیر قریبی کھیتوں کی جانب فرار ہو گیا۔ محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ممکنہ طور پر جانور کو اشتعال دلایا گیا تھا، جس کے بعد اس نے حملہ کیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں نظر آنے والا شیر ایک نر اور نسبتاً کم عمر جنگلی جانور ہے، جس کی تلاش اور محفوظ ریسکیو کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کے پاس ٹرینکولائزر گن سمیت دیگر ضروری سامان موجود ہے، جبکہ شہریوں کو متاثرہ علاقے میں احتیاط برتنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔