ایران کی بندرگاہ سیریک پر حملے میں 4 افراد زخمی
بندرگاہ کی ایک مرکزی تیرتی جیٹی، فلوٹنگ پیئر، کو شدید نقصان پہنچا، محمد حسینی تختی
فائل فوٹو
تہران: ایران کے جنوبی علاقے میں واقع سٹریٹجک بندرگاہ سیریک پر رات گئے ہونے والے ایک فوجی حملے میں 4 افراد زخمی ہو گئے جبکہ بندرگاہ کے بحری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق یہ حملہ آبنائے ہرمز کے علاقے میں رات بھر جاری رہنے والی وسیع تر فوجی کارروائیوں کا حصہ تھا۔
ارنا نے صوبہ ہرمزگان کے مشرقی حصے میں بندرگاہوں اور بحری امور کے سربراہ حمیدرضا محمدحسینی تختی کے حوالے سے بتایا کہ حملہ بندرگاہ کے حوض، پورٹ بیسن، کے اندر دو مراحل میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں بندرگاہ کی ایک مرکزی تیرتی جیٹی، فلوٹنگ پیئر، کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق مقامی تجارتی کشتیاں اور قریبی ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز بھی حملے کی زد میں آئے۔
محمد حسینی تختی نے بتایا کہ ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر میناب کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ تین دیگر افراد کو معمولی زخم آئے جنہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔