ارجنٹائن: پائلٹ انسٹرکٹر نے چھلانگ لگا دی، 22 سالہ طالبہ نے طیارہ بحفاظت اتار لیا

طالبہ نے اپنی آنکھوں کے سامنے انسٹرکٹر کو نیچے گرتے دیکھا،حواس برقرار پر قابو رکھا،انسٹرکٹر کا آخری جملہ اور خودکشی کا شبہ, تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

July 8, 2026 · بام دنیا

بیونس آئرس : ارجنٹائن میں ایک انتہائی لرزہ خیز اور عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں پرواز کے دوران فلائٹ انسٹرکٹر نے مبینہ طور پر طیارے کا دروازہ کھول کر نیچے چھلانگ لگا دی، جس کے بعد نوجوان طالبہ (اسٹوڈنٹ پائلٹ) نے حواس برقرار رکھتے ہوئے طیارے کو اکیلے بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

ذرائع کے مطابق 22 سالہ طالبہ اپنے 42 سالہ انسٹرکٹر مینوئل لیانڈرو برٹازو کے ساتھ ‘سیسنا سی-150’ (Cessna C-150) طیارے میں تربیتی پرواز پر تھی کہ اچانک یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

فلائٹ اسکول ‘فلائنگ پیرٹ کورڈوبا’ کے ڈائریکٹر ایڈورڈو الواریز نے میڈیا کو بتایا کہ متاثرہ طالبہ کے مطابق پرواز کے دوران لیانڈرو برٹازو نے اچانک اپنے ہیڈ فون اتارے، اپنا موبائل فون اور دیگر سامان ایک طرف رکھا اور سیٹ بیلٹ کھول دی۔ انہوں نے طالبہ سے اپنے آخری الفاظ میں کہا: “تمہیں معلوم ہے کہ کیا کرنا ہے، بس آگے بڑھتی رہو۔” اور اس کے بعد طیارے کا دروازہ کھول کر نیچے چھلانگ لگا دی۔

طالبہ نے اپنی آنکھوں کے سامنے انسٹرکٹر کو نیچے گرتے دیکھا، تاہم اس نے شدید ذہنی دباؤ کے باوجود کمالِ مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس نے فوری طور پر حکام کو ایمرجنسی کی اطلاع دی اور طیارے کا رخ واپس ‘کورونیل اولمیڈو’ ایئرپورٹ کی طرف موڑ کر اسے بحفاظت رن وے پر لینڈ کر دیا۔

طالبہ کی نشاندہی پر ریسکیو حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ارجنٹائن کے صوبے کورڈوبا کے علاقے ‘ٹولیڈو’ کے ایک کھیت سے انسٹرکٹر کی لاش واقعے کے 20 منٹ بعد برآمد کر لی۔ فلائٹ اسکول کے انتظامی سربراہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ طالبہ کے پاس پائلٹ لائسنس تو تھا لیکن اسے پرواز کا زیادہ تجربہ حاصل نہیں تھا، اس کے باوجود اس نے جس بہادری سے طیارہ لینڈ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔

مقامی حکام نے اس غیر معمولی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اگرچہ ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا معاملہ قرار دیا جا رہا ہے اور رپورٹس کے مطابق انسٹرکٹر ماضی میں نفسیاتی علاج بھی کروا رہے تھے جس کا علم صرف ان کے قریبی رشتہ داروں کو تھا، تاہم تفتیشی حکام دیگر پہلوؤں پر بھی غور کر رہے ہیں۔ انکوائری میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا یہ حادثہ طیارے کے کسی تکنیکی نقص یا ہیچ (Hatch) کے کھلنے کی وجہ سے تو پیش نہیں آیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول اور فلائٹ اسکول کے ریکارڈ کو قبضے میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔