خامنہ ای کی رہائش گاہ اور کمپاؤنڈ کی تباہی کی ویڈیو جاری

ایران کی جانب سے جاری کی گئی مختصر ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے اندر واقع امام خمینی حسینیہ ہال کو شدید متاثرہ حالت میں دکھایا گیا ہے

July 9, 2026 · بام دنیا

 ایرانی سرکاری میڈیا نے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تہران میں واقع رہائش گاہ اور کمپاؤنڈ کی تباہی سے متعلق پہلی ویڈیو جاری کر دی ہے۔ یہ ویڈیو ان کی تدفین کے موقع پر سامنے لائی گئی۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے جاری کی گئی مختصر ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے اندر واقع امام خمینی حسینیہ ہال کو شدید متاثرہ حالت میں دکھایا گیا ہے، جہاں ملبہ، تباہ شدہ ڈھانچے، ٹوٹے ہوئے حصے اور مڑے ہوئے دھاتی شہتیر نظر آ رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ہال اہم ملاقاتوں، تقریبات اور عوامی خطابات کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ویڈیو میں عمارت کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا ہوا دکھایا گیا ہے۔

 

ایرانی حکام کے مطابق رواں سال ہونے والے حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان حملوں میں ان کے خاندان کے بعض افراد بھی متاثر ہوئے۔ تاہم ان دعوؤں سے متعلق آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین ایران کے شہر مشہد میں کی جا رہی ہے، جس کے ساتھ ایران اور عراق میں کئی روز سے جاری آخری رسومات کا سلسلہ مکمل ہو رہا ہے۔ اس دوران تہران، قم، نجف اور کربلا سمیت مختلف مقامات پر تعزیتی اجتماعات منعقد کیے گئے۔

دوسری جانب خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیوں اور جوابی اقدامات کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔