غزہ پر اسرائیلی حملے۔ مزید 6 فلسطینی شہید

نصیرات کیمپ، غزہ سٹی اور دیگر علاقوں پر فضائی حملے، متعدد افراد زخمی

July 10, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 6 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس کے مطابق جمعرات کو وسطی غزہ کے نصیرات کیمپ میں ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے، جبکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دیگر حملوں میں مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ایک حملہ غزہ سٹی کے گنجان آباد علاقے میں ایک گاڑی پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص شہید ہوگیا۔

الجزیرہ کے مطابق جس سڑک پر حملہ کیا گیا وہ غزہ سٹی کی مصروف ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں بڑی تعداد میں تجارتی مراکز، سپر مارکیٹس اور بے گھر فلسطینی موجود تھے۔

اس سے قبل غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 8 فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یہ حملے ایسے وقت میں جاری ہیں جب اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر 2025 سے جنگ بندی نافذ ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج جنگ بندی کے پہلے ہی دن سے اس کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے اور اب تک جنگ بندی معاہدے کی 3 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔