غزہ میں ورلڈ کپ دکھانے والا امدادی کارکن اسرائیلی حملے میں شہید

محمد الوحیدی غزہ میں متاثرین کیلئے ورلڈ کپ میچز کی اجتماعی اسکریننگ کا اہتمام کرتے تھے۔

July 10, 2026 · بام دنیا

غزہ میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے مصر کی ایک نمایاں امدادی تنظیم کے سینئر رکن محمد الوحیدی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جو اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔

طبی ذرائع کے مطابق محمد الوحیدی، جو خود بھی فلسطینی تھے، اس ہفتے غزہ شہر کے صبرا علاقے میں ایک ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے کہ اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بن گئے۔ اس حملے میں ان سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 10 اور 8 سال کی عمر کے دو کمسن بہن بھائی بھی شامل تھے، جو موقع سے گزر رہے تھے۔

محمد الوحیدی غزہ میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے فٹبال ورلڈ کپ کے میچز کی بڑی اسکرینوں پر اجتماعی نمائش کا انتظام کرتے تھے، تاکہ مسلسل جنگ اور مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کو کچھ دیر کے لیے ذہنی سکون اور تفریح میسر آ سکے۔

رپورٹس کے مطابق وہ مصر اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ میچ سے ایک روز قبل فضائی حملے میں جاں بحق ہوئے، جس پر غزہ میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی اور بڑی تعداد میں شہریوں نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔