جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملہ۔ کچرا اٹھانے والی گاڑی نشانہ
نبطیہ ضلع میں صبح سویرے حملہ،امریکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے باوجوداسرائیلی کارروائیاں جاری
جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں کچرا اٹھانے والی ایک پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث دو افراد زخمی ہوگئے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملہ نبطیہ ضلع میں شوکین اور کفر دجال کے مضافاتی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کیا گیا۔ اس وقت گاڑی کچرا اتارنے میں مصروف تھی کہ اسرائیلی ڈرون نے اسے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق 2 مارچ سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 321 جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 203 تک پہنچ چکی ہے۔
یہ تازہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان اور اسرائیل نے 26 جون کو امریکہ کی ثالثی میں ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت اسرائیلی افواج کا لبنانی علاقے سے مرحلہ وار انخلا طے پایا تھا، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔