سرنڈر کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ایرانی اسپیکر محمد قالیباف
اگر امریکہ نے حالیہ معاہدے سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی تو ایران اپنے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
فائل فوٹو
تہران: ایران کے پارلیمنٹ سپیکر اور سینئر مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکہ کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ کبھی بھی تہران کے ہتھیار ڈالنے (سرنڈر) پر نہیں ہوگا، اور اگر امریکہ نے حالیہ معاہدے سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی تو ایران اپنے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اپنے ایک اہم بیان میں محمد قالیباف کا کہنا تھا کہ جس لمحے بھی امریکیوں نے اس معاہدے اور مفاہمت کے ساتھ غداری یا دھوکہ دہی کی، ہم ہمہ جہت اور بھرپور دفاع کے لیے تیار ہیں، ہم ان کے سامنے مضبوطی سے ڈٹ جائیں گے اور ایرانی عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
ایرانی اسپیکر نے واضح کیا کہ اگرچہ دنیا بھر کے ممالک کے لیے اس جنگ اور کشیدگی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، لیکن ہر ایک کو یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہیے کہ یہ تنازع ایران کے جھکنے یا ہتھیار ڈالنے پر ختم نہیں ہوگا۔