اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ایک رکن سمیت 2افراد شہید
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں علی الطاہر کی پہاڑی کے قریب ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک رکن کو شہید کر دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق کارروائی اس مقام کے قریب کی گئی جہاں زیرِ زمین سرنگ کا دہانہ موجود تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ اس کے اعلان کردہ “سکیورٹی زون” میں شامل ہے اور شہید ہونے والا شخص اسرائیلی فوجیوں کے لیے فوری خطرہ بن رہا تھا، جسے ایک “درست فضائی حملے” میں نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے مزید دعویٰ کیا کہ ایک علیحدہ فضائی حملے میں گاڑی میں سوار ایک “مشتبہ شخص” کو بھی شہید کیا گیا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ بھی اسرائیلی اہلکاروں کے لیے خطرہ تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کے جنگجوؤں کو زیرِ زمین سرنگوں سے نکل کر علاقے میں کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔