اسرائیل۔لبنان جنگ بندی پرعملدرآمد کے لیے امریکی فوجی وفد بیروت پہنچ گیا

اسرائیلی انخلا کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد آئندہ چند روز میں شروع ہونے کا امکان ہے

July 11, 2026 · بام دنیا

امریکہ نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد میں معاونت کے لیے ایک فوجی وفد لبنان بھیج دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو سینئر لبنانی حکام نے بتایا کہ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا وفد جمعہ کو بیروت پہنچا، جہاں وہ آئندہ ہفتے روم میں ہونے والے لبنان اور اسرائیل کے درمیان تکنیکی مذاکرات سے قبل مشاورت کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق مذاکرات میں 26 جون کو امریکی سرپرستی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے تحت اسرائیلی افواج کا لبنانی علاقے سے مرحلہ وار انخلا کیا جانا ہے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ دونوں ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ معاہدے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان معاہدہ اب عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ پہلے پائلٹ زون سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا آغاز آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔