افغان وزیر زراعت نے ہندوستان کے ساتھ اپنا ڈی این اے میچ کر لیا

دونوں ممالک کے درمیان تعاون، بالخصوص زرعی شعبے میں، مستقبل میں مزید فروغ پائے گا۔

July 11, 2026 · بام دنیا

افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر زراعت مولوی عطاء اللہ عمری نے بھارت کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور بھارت کے روابط صدیوں پر محیط ہیں اور دونوں قوموں کے درمیان گہری ثقافتی و تاریخی قربت پائی جاتی ہے۔

نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پہنچنے کے بعد انہیں اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔ ان کے بقول تقریب کے دوران شرکاء کی جانب سے دونوں ممالک کا “ڈی این اے ایک ہونے” کا ذکر کیا گیا، جس سے اتفاق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان تعلقات بہت پرانے اور مضبوط ہیں۔

مولوی عطاء اللہ عمری نے بھارتی حکومت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر سطح پر خوش آمدید کہا گیا، جو افغانستان کے عوام کے لیے مثبت پیغام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی معیشت کا بڑا حصہ زراعت، لائیو اسٹاک اور آبپاشی سے وابستہ ہے، اس لیے ملک جدید زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر اس شعبے کو مزید ترقی دینا چاہتا ہے۔

افغان وزیر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون، بالخصوص زرعی شعبے میں، مستقبل میں مزید فروغ پائے گا۔