امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔ سینٹکام

کنٹینرجہاز پرحملے کے بعد آپریشن شروع،عملے کا ایک رکن لاپتا،عمان کے قریب بھی بحری واقعےکی اطلاع

July 12, 2026 · بام دنیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے قبرص کے پرچم بردار ایک کنٹینر بردار جہاز پر حملے کے بعد کی گئی۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کا ایک رکن لاپتا ہو گیا، جبکہ جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور انجن روم کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث جہاز مزید سفر جاری رکھنے کے قابل نہیں رہا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران کو اس سے قبل بھی تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کے بعد اپنا طرزِ عمل تبدیل کرنے اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی پاسداری کا موقع دیا گیا تھا، تاہم تہران اس پر عمل کرنے میں ناکام رہا۔

سینٹکام نے مزید بتایا کہ یہ فوجی کارروائیاں امریکی صدر کی ہدایات کے مطابق کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ کی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ عمان سے تقریباً 9 ناٹیکل میل مشرق میں ایک بحری واقعے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے، جس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔