امریکہ نے عمان پر دباؤ ڈال کر آبنائے ہرمز استعمال کرنے کی کوشش کی۔ایران کا دعویٰ
جارحیت جاری رہی تو مزید سخت جواب دیں گے۔پاسدارانِ انقلاب کی امریکا کو وارننگ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے عمانی حکومت پر اپنی مرضی مسلط کرتے ہوئے ایک بار پھر کئی جہازوں کو آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایک “غیر قانونی راستے” سے گزارنے کی کوشش کی۔
آئی آر جی سی کے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی بحریہ نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
بیان کے مطابق اس کے بعد امریکہ نے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں متعدد ساحلی فوجی اڈوں اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ایران نے اپنے وعدے کے مطابق “فیصلہ کن اور سخت ردعمل” دیا۔ آئی آر جی سی نے اس ردعمل سے مراد اردن میں واقع شہزادہ حسن ایئر بیس پر حملے کو قرار دیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جوابی کارروائی کا پہلا مرحلہ ہے اور خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو ایران اس سے بھی زیادہ سخت اور شدید ردعمل دے گا۔