امریکا کی 250ویں سالگرہ، ٹرمپ کی تصویر والا سکہ متعارف کرانے کا اعلان
کانگریس کی جانب سے امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی یادگاری سکے جاری کرنے کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے
واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک ڈالر کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکے کے سامنے والے حصے پر لبرٹی کی علامت، “In God We Trust” اور “1776–2026” درج ہوگا، جبکہ پچھلے حصے پر عقاب کی تصویر بنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیزائن پہلے پیش کیے گئے مسودے میں ترمیم کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی مجوزہ ڈیزائن میں صدر ٹرمپ کو مکا بلند کیے ہوئے دکھایا گیا تھا، تاہم بعد میں اس میں تبدیلی کر دی گئی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعزاز پر خوش اور خود کو باعثِ فخر محسوس کرتے ہیں۔
دوسری جانب بعض ناقدین نے اس فیصلے کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی قوانین کے تحت زندہ شخص کی تصویر کرنسی پر استعمال کرنے سے متعلق پابندیاں موجود ہیں، تاہم حکام کے مطابق یہ پابندیاں بنیادی طور پر کاغذی نوٹوں پر لاگو ہوتی ہیں، جبکہ یادگاری سکوں کے لیے الگ قانونی طریقہ کار موجود ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے امریکا کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی یادگاری سکے جاری کرنے کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے، جس کے تحت اس منصوبے پر عمل کیا جا رہا ہے۔