ٹرمپ کا چین پر امریکی انتخابات میں مداخلت۔ڈیٹا ہیک کرنے کا الزام

ایف بی آئی اور نیشنل انٹیلی جنس کو انتخابی مداخلت کےالزامات کی چھان بین کی ہدایت۔

July 17, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور انتخابی ڈیٹا ہیک کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

امریکی قوم سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین یہ چاہتا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب میں شکست کھا جائیں، اسی لیے امریکی انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ انتخابات سے متعلق خفیہ انٹیلی جنس دستاویزات فوری طور پر ڈی کلاسیفائی (غیر خفیہ) کی جائیں گی، جبکہ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر اور ایف بی آئی کو چین سے متعلق الزامات کی تحقیقات کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین نے 2020 کے صدارتی انتخابات کے ڈیٹا میں مداخلت کی تھی، اور کہا کہ متعلقہ دستاویزات منظر عام پر آنے سے امریکی انتخابی نظام کی کمزوریاں بے نقاب ہوں گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین نے امریکی عوام میں ان کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔

انہوں نے امریکی ووٹنگ سسٹم سے متعلق خفیہ دستاویزات فوری جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس سے “ووٹر آئی ڈی سیو امریکا ایکٹ” منظور کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کی تقریر نشر نہ کرنے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس منسوخ کیے جانے چاہئیں۔