برطانیہ میں ایران کی انٹیلی جنس کی معاونت کے الزام میں ایک شخص گرفتار

پولیس کا کہنا ہے عوام یا کسی مخصوص کمیونٹی کو فوری خطرہ لاحق نہیں

July 17, 2026 · بام دنیا

برطانیہ کی پولیس نے ایران کی انٹیلی جنس سروس کی مبینہ معاونت کے الزام میں 39 سالہ شخص پر قومی سلامتی ایکٹ کے تحت فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

برطانوی پولیس کے مطابق وحید عابری، جو لیورپول کا رہائشی ہے، کو بدھ کے روز برمنگھم کے علاقے سے اس شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا کہ وہ قومی سلامتی سے متعلق جرم میں ملوث ہے۔

لندن کی انسداد دہشت گردی پولیس کی سربراہ کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ چونکہ ملزم پر فردِ جرم عائد ہو چکی ہے، اس لیے الزامات کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اس تحقیقات کے سلسلے میں کسی فرد یا کمیونٹی کو براہِ راست خطرہ لاحق ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس کے بیان کے مطابق وحید عابری کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور اسے جمعہ، 17 جولائی کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔