پاکستانی افواج نے معرکہ حق میں خودمختاراے آئی ہتھیار استعمال کیے،شہبازشریف
فخر سے کہتا ہوں پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےانکشاف کیا ہے کہ پاکستانی افواج نے گذشتہ سال مئی میں بھارت کے خلاف جنگ میں خود مختار اے آئی ہتھیار استعمال کیے ۔
انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ فخر سے کہتا ہوں پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی، ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کرلی گئی، معرکہ حق میں افواج نے آٹونامس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت شاندار رہی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ روبوٹکس اور ڈرون کی جدت سے معیشت مضبوط،سلامتی بہتر، عوام کی زندگی آسان ہو گی، میرے بچپن میں ٹیکنالوجی کی جدت بلیک اینڈ وائٹ ٹیلیویژن کی آمد تھی، پاکستان ٹیلیویژن کی کلاسک نشریات کو پورا خاندان مل کر دیکھتا تھا، آج مشینیں محسوس کرکے تیزی سے فیصلے اور ان پر عملدرآمد کرتی ہیں، جو کبھی خواب لگتا تھا آج حقیقت بن کر ہمارے سامنے موجود ہے، آج ٹیکنالوجی کی جدید شکل ہمارے سامنے موجود ہے۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، آٹونامس سسٹمزکیلئے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک بنائیں گے، دفاع میں آٹونومس صلاحیتوں کی ترقی میں نمایاں پیشرفت ہوئی، ٹیکنالوجی کا انقلاب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا، کسانوں، چھوٹے کاروبار، خواتین اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کا فائدہ ملے گا۔ وزیراعظم نے اسپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان بھی کیا ۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے ڈیجیٹل تبدیلی کی واضح سمت اختیار کی ہے اور ملک روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چین کا مالک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔