حوثیوں نے حملے کیے تو ذمہ دار ایران کو ٹھہرائیں گے، ٹرمپ

امریکی صدر کا ایران پر بڑے فوجی ردعمل کا انتباہ، حوثیوں کو بھی تنبیہ

July 23, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر یمن کے حوثی گروپ نے تجارتی جہازوں پر حملے کیے تو امریکہ ایران کو ذمہ دار ٹھہرائے گا۔

ٹرمپ نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ ایک سال قبل امریکہ نے تجارت اور بحری جہازوں پر حملوں کے باعث حوثیوں کے خلاف طاقتور کارروائی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سے اور ایران کے ساتھ تنازع کے دوران حوثیوں نے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا، تاہم اب وہ دوبارہ کارروائیاں شروع کر رہے ہیں اور گزشتہ رات سعودی عرب کے دو جہازوں پر حملہ کیا گیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر حوثی دوبارہ ایسا کرتے ہیں تو امریکہ ایران کو ذمہ دار ٹھہرائے گا، کیونکہ ان کے مطابق حوثی ایران کے اتحادی یا پراکسی ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران اور حوثیوں کے خلاف “بڑی فوجی سزا” دی جائے گی۔ انہوں نے حوثیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک انہوں نے پیشہ ورانہ اور سمجھداری کا مظاہرہ کیا تھا۔

ٹرمپ کا بیان یمن کے حوثی گروپ کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے دو سعودی تیل بردار جہازوں کو بیلسٹک اور کروز میزائلوں جبکہ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی جمعرات کو کہا کہ حوثیوں کو ایران کے تنازع سے دور رہنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حوثی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں ایران کے باعث شامل ہوئے۔

روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حوثی اپنی کارروائیاں روک دیں گے اور کہا کہ انہیں ایرانیوں نے اس معاملے میں شامل کیا۔