طغیانی کے باوجود گجرات میں دریائےچناب پر پکنک ۔شہد کی مکھیوں کاحملہ
سیلابی خطرے کے باوجود شہریوں کی موجودگی، واقعے کی ویڈیو وائرل
فائل فوٹو
گجرات میں ایک طرف سیلابی صورتحال اور دوسری جانب شہریوں کی غیر ذمہ داری نے خطرات میں اضافہ کر دیا۔ دریائے چناب میں شہباز پور پل کے مقام پر پکنک کے لیے آنے والی ایک فیملی پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا۔
حملے کے وقت دریا کے کنارے بچوں، خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مکھیوں کے اچانک حملے سے افراتفری پھیل گئی اور شہری جان بچانے کے لیے بھاگتے رہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں شہریوں کو شہد کی مکھیوں کے حملے سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کے مختلف مقامات پر پابندی کے باوجود لوگ پکنک منا رہے ہیں۔
خطرناک صورتحال اور سیلابی خطرے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو دریا کے بند اور خطرناک مقامات سے دور رکھنے کے لیے اقدامات ناکافی دکھائی دے رہے ہیں۔