پاکستان اور قازقستان کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ملاقات کے اختتام پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

July 25, 2026 · اہم خبریں

پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور اس موقع پر طے پانے والے اتفاقِ رائے، بشمول 37 مفاہمتی یادداشتوں پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی، عوامی روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

قازق وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف نے خطے میں امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان حالیہ برسوں میں سفارتی اور اقتصادی روابط میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔