مستونگ میں کارروائی،13دہشت گرد ہلاک،متعدد ٹھکانے تباہ

بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا۔

July 25, 2026 · اہم خبریں

کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن العزم کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن العزم کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائی میں دہشت گرد گروہ کے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔