جنوبی وزیرستان حملہ ناکام،وزیراعظم کا فورسز کو خراجِ تحسین

پاکستان کے بہادر جوان ہمیشہ کی طرح ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

July 26, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کو سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہادر جوان ہمیشہ کی طرح ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز ملک میں امن و استحکام کے قیام تک جاری رہیں گے اور دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی